تھائی لینڈ نے بریکس تنظیم کا رکن ملک بننے کی دعوت قبول کرلی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
مقامی میڈیا نے اطلاع دی کہ تھائی لینڈ نے بریکس تنظیم کا رکن ملک بننے کے لیے روس کی دعوت کو باضابطہ طور پر قبول کرلیا ہے۔ رواں برس اکتوبر میں قازان میں بریکس سربراہی اجلاس میں ایک نئے ‘پارٹنر ملک’ کا درجہ منظور کیا گیا تھا، اور اس کا مقصد 30 سے زائد ممالک کی جانب سے تنظیم میں شمولیت کے لیے درخواست دینے کے بعد رکنیت کے متبادل کے طور پر کام کرنا ہے۔ بریکس ابتدائی طور پر برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل تھا اور اس سال اس میں مصر، ایران، ایتھوپیا اور متحدہ عرب امارات کو شامل کرنے کے لیے توسیع کی گئی۔
تھائی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ حال ہی میں اب تھائی لینڈ کی کابینہ نے اس فیصلے سے اتفاق کیا ہے۔ پریس سے بات کرتے ہوئے، ترجمان نیکونڈیٹ پھلانگکن نے کہا کہ تھائی وزیر خارجہ ماریس سنگیامپونگسا نے اپنے روسی ہم منصب کو ایک خط بھیجا ہے جس میں بریکس پارٹنر ملک بننے پر مملکت کی رضامندی کی تصدیق کی گئی ہے۔