جوہری پلانٹ پر یوکرینی حملہ ناکام بنا دیا، روسی وزارت دفاع
ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین نے اتوار کے روز آٹھ ڈرونز کے ذریعے زاپوروزئے نیوکلیئر پاور پلانٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ حکام نے مزید کہا کہ آنے والے تمام ڈرونز کو فضائی دفاع کے ذریعے مار گرایا گیا۔ پیر کے روز ایک بیان میں روسی وزارت دفاع نے یوکرین کی فوج پر الزام لگایا کہ وہ زاپوروزئے نیوکلیئر پاور پلانٹ میں صنعتی تباہی کا باعث بننے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے، جو روس کے زیر کنٹرول علاقے میں واقع ہے۔ بیان کے مطابق ٥ جنوری کو یوکرین کی مسلح افواج نے آٹھ فکسڈ ونگ بغیر پائلٹ کے فضائی حملہ کرنے والی گاڑیوں کے ساتھ، جوہری تنصیبات پر حملہ کرنے کی ایک اور کوشش کی۔ وزارت دفاع نے مزید کہا کہ روسی فضائی دفاع نے تمام ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ روکے گئے یوکرینی ڈرونز میں سے ایک جوہری پلانٹ کی عمارت کی چھت سے ٹکرا گیا تھا، جو کہ ٹکرانے سے پھٹ گیا۔ وزارت نے بتایا کہ اس کے بعد متاثرا جگہ پر آگ لگ گئی، اگرچہ اس واقعے کے نتیجے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔