فرانس میں دو ٹرامز آپس میں ٹکرا گئیں، پچاس افرد زخمی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
فرانسیسی شہر اسٹراس برگ میں دو ٹرامز آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں پچاس افراد زخمی ہوگئے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فرانس کے شہر اسٹراس برگ کے سنٹرل اسٹیشن میں دو ٹرامز آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں پچاس افراد زخمی ہوگئے جب کہ کچھ کو معمولی چوٹیں آئیں۔ رپورٹ کے مطابق طبی حکام نے سو افراد کا اسپتالوں میں معائنہ کیا اور کسی کی حالت بھی تشویشناک نہیں ہے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حادثے کی وجوہات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جاسکتا۔ دوسری جانب فرانس کے مقامی میڈیا کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں ٹراموں میں سے ایک پٹری کو تبدیل کر کے اسٹیشن پر رکی ہوئی ٹرام سے ٹکرا گئی۔ یاد رہے اسٹراس برگ انیس سو چورانوے میں ٹرام سروس دوبارہ شروع کرنے والا پہلا فرانسیسی شہر ہے، فرانس میں ٹرام سروس انیس سو ساٹھ میں بند کر دی گئی تھی۔