صدر پوتن ایرانی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، کریملن
ماسکو (صداۓ روس)
کریملن کے مطابق، روسی صدر ولادیمیر پوتن اس ہفتے اپنے ایرانی ہم منصب مسعود پیزشکیان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بات چیت کریں گے۔ توقع ہے کہ بات چیت کے دوران فریقین اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔ ایران اور روس کے صدور 17 جنوری کو دو طرفہ سٹریٹجک شراکت داری کے معاہدےکے لیے مذاکرات کریں گے ۔ جس کے بعد طویل عرصے سے انتظار کیے جانے والے اس غیر معمولی معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔
یہ بات کریملن نے پیر کے روز بتائی ہے۔ کریملن کے مطابق دونوں لیڈر ماسکو اور تہران کے درمیان دوطرفہ تعاون کے رشتوں کو مزید گہرا کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ، سرمایہ کاری، نقل و حمل کے علاوہ انسانی وسائل کی شیئرنگ کے شعبوں میں شراکت داری بڑھائیں گے۔ اس اہم سربراہی ملاقات کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال اور مسائل پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔واضح رہے روس نے ان ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو زیادہ مستحکم کرنے کی کوشش کی ہے جو روس کی طرح امریکہ اور مغربی دنیا کے ساتھ روائتی طور پر مخاصمت رکھتے ہیں۔ ان میں شمالی کوریا اور ایران بھی شامل ہیں۔