ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری بار امریکی صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 47ویں صدر کی حیثیت سے اپنی دوسری مدت کےلیے حلف اٹھالیا۔ تقریب حلف برداری میں شرکت کےلیے اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ کیپٹل ہل پہنچے۔ ان کے ہمراہ صدر جو بائیڈن بھی تقریب میں شرکت کےلیے پہنچے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری مدت کےلیے امریکا کے 47ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے صدر ٹرمپ سے حلف لیا۔ امریکی صدر کی حلف برداری تقریب واشنگٹن کے یوس ایس کیپیٹل روٹونڈا میں ہوئی، تقریب میں تین سابق صدور براک اوباما، جارج ڈبلیو بش اور بل کلنٹن بھی شرکت کےلیے پہنچے۔
تقریب میں ایکس کے مالک ایلون مسک، امیزون کے چیئرمین جیف بیزوس اور گوگل کے سربراہ سُندر پچائی بھی موجود تھے۔ حلف اٹھانے سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ چرچ کی دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ ٹرمپ کے ساتھ چرچ میں نائب صدر جے ڈی وینس اور انکی اہلیہ اوشا وینس بھی شریک تھیں۔ واشنگٹن ڈی سی میں شدید سردی کے باعث 40 سال بعد حلف برداری کی تقریب ان ڈور ہوئی۔ عہدے کا حلف اُٹھانے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ قوم سے خطاب کریں گے۔ حلف اٹھانے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ فوری نافذ ہونے والے صدارتی احکامات پر دستخط بھی کریں گے۔