ترکیہ کے ہوٹل میں آگ لگنے سے مرنے والوں کی تعداد 76 ہوگئی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے بتایا کہ ترکیہ کے پہاڑی صوبے بولو میں واقع کارتالکیا سکی ریزورٹ کے گرینڈ کارٹل ہوٹل میں آتشزدگی سے مرنے والوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے۔ ترکی کے ایک سیاحتی مقام پر ہوٹل میں لگی آگ کے نتیجے میں 76 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 51 زخمی ہو گئے ہیں، یہ واقعہ بولو صوبے میں رات کے وقت پیش آیا جب آگ ہوٹل میں پھیل گئی۔ اس کے علاوہ عمارت سے چھلانگ لگانے والے 2 افراد بھی دم توڑ گئے جبکہ کچھ افراد نے اپنے کمروں سے نیچے اترنے کے لیے چادروں کا سہارا لیا جبکہ آگ کی اطلاع ملتے ہی 30 فائر ٹرک اور 28 ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، اور امدادی ٹیموں نے متاثرین کو فرسٹ ایڈ فراہم کی۔ آگ کے بارے میں ابتدائی طور پر یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ ریستوران میں نصف شب کے قریب شروع ہوئی اور پھر تیزی سے پھیل گئی۔ تاہم اس آگ کی اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ حکام اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اس سانحے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔