کراچی (صداۓ روس)
پاکستان سمیت دنیا بھر میں حضرت امام حسین علیہ السلام کی ولادت با سعادت کے موقع پر عاشقان اہل بیت (ع) نے دینی جوش و جذبے کے ساتھ جشن منایا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں برقی قمقموں اور پھولوں سے سجاوٹ کی گئی، جبکہ محافل میلاد اور جشن کا اہتمام کیا گیا۔ ان محافل میں شعراء اور منقبت خواں حضرات نے شہید کربلا کی شان میں منقبت و قصیدہ خوانی کی۔
شعبان کے مقدس مہینے کی ابتدائی ایام میں حضرت امام حسین (ع)، حضرت ابوالفضل العباس (ع)، اور حضرت امام زین العابدین (ع) کی ولادت با سعادت کے موقع پر ایران کے مقدس شہروں مشہد المقدس اور قم المقدسہ میں بھی عاشقان اہل بیت (ع) کا جم غفیر جمع ہوا۔جس نے حضرت امام علی رضا (ع) اور جناب فاطمہ معصومہ (س) کے حرم مطہر میں ان عظیم ہستیوں کے حضور ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کیا۔
کربلائے معلی میں بھی اس موقع پر زائرین کا ایک ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر موجود تھا۔ دنیا بھر سے لاکھوں زائرین حضرت امام حسین (ع) اور حضرت ابوالفضل العباس (ع) کے حرم مطہر اور بین الحرمین میں جمع ہوئے تاکہ نذرانہ عقیدت پیش کریں اور شعبان کی ان بابرکت عیدوں کا جشن منائیں۔ نجف اشرف، کاظمین، اور سامرا میں بھی عاشقان اہل بیت (ع) کی کثیر تعداد موجود تھی، جس کے پیش نظر ان مقدس مقامات پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
یہ تقریبات نہ صرف مذہبی عقیدت کا اظہار ہیں بلکہ اہل بیت (ع) کے ساتھ محبت اور ان کے پیغام کو زندہ رکھنے کا بھی ایک ذریعہ ہیں۔ ان تقریبات کے ذریعے عاشقان اہل بیت (ع) اپنے ایمان اور عقیدت کو تازہ کرتے ہیں اور ان عظیم ہستیوں کے نقش قدم پر چلنے کا عزم کرتے ہیں۔