عالمی فوجداری عدالت بھی ٹرمپ کی پابندیوں کا شکار
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں جس میں بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے خلاف تحقیقات کے لیے پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ گزشتہ نومبر میں ہیگ میں قائم عدالت نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، جس نے امریکی حکام کو برہم کر دیا تھا۔ اس حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے امریکا اور اسرائیل کو غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی فوجداری عدالت نے نیتن یاہو کے وارنٹ جاری کر کے اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی فوجداری عدالت پر پابندی کے صدارتی حکم نامے پر دستخط بھی کر دیے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور اسرائیل عالمی فوجداری عدالت کے رکن نہیں ہیں۔