جاپان سے امن معاہدہ نہیں ہوسکتا، روسی سفیر
ماسکو (صداۓ روس)
جاپان میں روس کے سفیر نکولے نوزدریو نے کہا ہے کہ ماسکو اس وقت تک ٹوکیو کے ساتھ باضابطہ امن معاہدے والی بات چیت میں شامل نہیں ہو سکتا جب تک کہ جاپانی حکومت مغرب کے راستے پر چلتی ہے جس کا مقصد روس کی سلامتی اور معیشت کو نقصان پہنچانا ہے۔ دونوں ممالک دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد کسی حتمی تصفیے تک پہنچنے میں ناکام رہے اور پچھلی آٹھ دہائیوں میں بہت کم ترقی کی ہے۔ ایک بڑی رکاوٹ کوریل ارچپلگو کے چار جزائر پر جاپان کا دعویٰ ہے، جن پر سوویت یونین نے جنگ کے دوران قبضہ کر لیا تھا۔
یاد رہے 1951 کے سان فرانسسکو معاہدے میں ٹوکیو نے تصدیق کی کہ وہ کوریل جزائر کی طرف کوئی خواہشات نہیں رکھتا، لیکن بعد میں دعویٰ کیا کہ زیر بحث جزائر دراصل کوریل جزائر کا حصہ نہیں ہیں۔ روس کا موقف ہے کہ چاروں جزیرے اس کی سرزمین کا اٹوٹ انگ ہیں۔