امریکہ بھارت کو ایف 35 لڑاکا طیارے فراہم کرنے پر رضامند
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت کو رواں برس سے ہی دفاعی سازو سامان کی فروخت بڑھا دی جائے گی اور پھر نئی دہلی کو لڑاکا طیارے ایف 35 بھی فراہم کیے جائیں گے۔ صدر ٹرمپ نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم بھارت کو اربوں ڈالر کے دفاعی سازوسامان فروخت کریں گے جس کے نتیجے میں اسٹیلتھ لڑاکا طیارے ایف 35 کی فراہمی کی راہ ہموار ہو گی۔ امریکہ سے ایف 35 طیارہ خریدنے کی چند ہی ملکوں کو اجازت ہے جن میں اسرائیل، جاپان اور مغربی ملکوں کے عسکری اتحاد نیٹو میں شامل ممالک ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کا حامل یہ طیارہ ہدف کو مہارت سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بھارت کو یہ طیارے ملنے کی صورت میں نئی دہلی کی عسکری قوت میں مزید اضافہ ہوگا۔ تاہم صدر ٹرمپ نے یہ نہیں بتایا کہ بھارت کو ایف 35 طیارے کب فراہم کیے جائیں گے۔ امریکی کانگریشنل ریسرچ سروس کے مطابق بھارت اپنی فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے آئندہ ایک دہائی کے دوران 200 ارب ڈالر خرچ کرے گا۔صدر ٹرمپ اور وزیرِ اعظم مودی کی پریس کانفرنس کے بعد نئی دہلی میں بھارت کے سیکریٹری خارجہ وکرم مصری نے صحافیوں سے گفتگو کی۔ جب اُن سے ایف 35 کی خریداری اور صدر ٹرمپ کے اعلان سے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ ابھی تجویز کے مرحلے میں ہے۔