سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ
سوات(صداۓ روس)
سوات اور اس کے ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ اور دیگر دعاؤں کا ورد کرنے لگے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.1ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 166 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز پاک-افغانستان-تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا، جو زلزلوں کے حوالے سے ایک متحرک فالٹ لائن پر واقع ہے۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ خوش قسمتی سے، اب تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ جھٹکوں سے محتاط رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل بھی سوات اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اس زلزلے کی شدت 4.5 تھی اور اس کی گہرائی 80 کلومیٹرتھی، جبکہ اس کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
زلزلہ ماہرین کے مطابق کوہ ہندوکش اور اس سے متصل علاقوں میں زیر زمین پلیٹوں کی مسلسل حرکت کی وجہ سے وقتاً فوقتاً زلزلے آتے رہتے ہیں۔ ماہرین شہریوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ زلزلے کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جیسے کہ کھلے مقامات کی طرف جانا، دروازوں کے نیچے کھڑا ہونا، اور مضبوط اشیاء کے نیچے پناہ لینا۔
سوات اور اس کے گردونواح میں حالیہ زلزلہ لوگوں کے لیے ایک بڑی آزمائش ثابت ہوا۔ اگرچہ کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، لیکن زلزلوں کے مسلسل جھٹکوں نے شہریوں کو خوفزدہ کر رکھا ہے۔ حکام اور متعلقہ ادارے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے مسلسل الرٹ ہیں اور لوگوں کو زلزلے سے بچاؤ کی تدابیر اپنانے کی ہدایت کر رہے ہیں۔