چیمپئنزٹرافی،شاہینوں کی دھلائی، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے بڑا ٹارگٹ دے دیا
کراچی (صداۓ روس)
چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 321 رنز کا ہدف دے دیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔تفصیلات کے مطابق، قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کا آغاز کچھ خاص نہ رہا اور ابتدا میں ہی تین وکٹیں گر گئیں، لیکن اوپنر ول ینگ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی، جس سے نیوزی لینڈ کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 39 رنز پر گری، جب ڈیون کونوے 10 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ان کے بعد کین ولیمسن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 40 کے مجموعی اسکور پر ایک رن بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 73 رنز پر گری، جب ڈیرل مچل 10 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ول ینگ، جو پہلے سے ہی اچھی بیٹنگ کر رہے تھے، نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، لیکن اس سے پہلے انہوں نے انڈر پریشر حالات میں شاندار سنچری اسکور کی۔
مڈل آرڈر بلے باز ٹام لیتھم نے بھی بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی، جبکہ گلین فلپس نے جارحانہ انداز میں 61 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو مستحکم کیا۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے دو، جبکہ ابرار احمد اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ دفاعی چیمپئن ہونے کا کوئی دباؤ نہیں اور ٹیم اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فہیم اشرف کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو شامل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے اور بطور دفاعی چیمپئن ٹیم پر کچھ دباؤ ہوگا، لیکن بھرپور کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔