آئی سی سی چیمپین ٹرافی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے شکست دے دی
کراچی (صداۓ روس)
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلےمیچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 321 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 260 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کے بلے بازوں اور گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو ایک اہم فتح دلائی۔
میچ کے آغاز میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کے ابتدائی تین کھلاڑی جلدی آؤٹ ہوگئے، لیکن ول ینگ اور ٹام لیتھم کی شاندار سنچریوں نے ٹیم کو ایک مضبوط پوزیشن پر لا کھڑا کیا۔ شاندار سنچر ی بنانے والے ٹام لیتھم پلئیر آف دی میچ قرار پائے.
نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 320 رنز بنائے، جس میں گلین فلپس کے 61 رنز نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو جبکہ ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ کا آغاز بھی اچھا نہ رہا۔ فخر زمان اور سعود شکیل جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ سلمان علی آ غا اور بابر اعظم نے اسکور کو کچھ آگے بڑھایا، لیکن بابر اعظم 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ خوشدل شاہ نے 69رنز کی اننگز کھیلی، لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوگئی۔
مچل سینٹنر اور 23 سالہ ولو رور کی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ کو مشکلات میں ڈالے رکھا۔ پوری ٹیم 47ویں اوور میں 260 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور نیوزی لینڈ نے میچ 60 رنز سے اپنے نام کر لیا۔ اس شکست کے بعد پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اپنے اگلے میچز میں بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔ دوسری جانب، نیوزی لینڈ کی اس جیت نے انہیں ٹورنامنٹ میں ایک مضبوط پوزیشن دلوا دی ہے۔