راکھی ساونت نے مفتی قوی کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا
ممبئی (صداۓ روس)
بھارتی ڈانسر اور اداکارہ راکھی ساونت نے پاکستانی مذہبی اسکالر مفتی عبدالقوی کی شادی کی پیشکش پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انہیں سنبھال نہیں پائیں گے۔
حالیہ دنوں میں مفتی قوی نے ایک پوڈکاسٹ میں راکھی ساونت سے مشروط شادی کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس پر راکھی نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ مولانا سے شادی کی خواہشمند ہیں اور ان سے شاعری کی فرمائش بھی کی تھی۔ نجی چینل سے بات کرتے ہوئے راکھی ساونت نے وضاحت کی کہ وہ مفتی قوی کے ساتھ شادی کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا، “مجھے نہیں معلوم کہ مفتی قوی کی 100 بیویاں ہیں یا 900، لیکن میں اکیلی ہی ایک لاکھ عورتوں کے برابر ہوں، اور وہ مجھے سنبھال نہیں پائیں گے۔”
راکھی ساونت نے مزید کہا کہ وہ اب تک سچی محبت کی تلاش میں ہیں، لیکن بھارت میں انہیں حقیقی پیار نہیں ملا۔ “میرے پیچھے بہت سے لڑکے پڑے ہیں، لیکن سب مجھے صرف سیڑھی بنانا چاہتے ہیں،” انہوں نے شکایت کی۔ ایک سوال کے جواب میں راکھی نے کہا، “جب مودی پاکستان آ سکتے ہیں تو میں کیوں نہیں؟ اور جب میاں بیوی راضی ہوں تو قاضی کیا کر سکتا ہے؟”
راکھی ساونت نے پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں پسند ہیں، کیونکہ وہ ایک اچھی اور شریف لڑکی ہیں۔ اس سے قبل مفتی قوی نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا راکھی ساونت سے نکاح ہونے جا رہا ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ راکھی نے نکاح کے لیے 14 فروری کی تاریخ دی ہے۔ مفتی قوی نے میزبان کو بھی نکاح میں شرکت کرنے اور گواہ بننے کی پیشکش کی تھی۔