بابر اعظم نے سعید انور کا ریکارڈ توڑ دیا
دبئی(صداۓ روس)
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں بابر اعظم نے بھارت کے خلاف کھیلتے ہوئے سعید انور کا تاریخی ریکارڈ توڑ کر ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ بابر اعظم نے ون ڈے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کر کے پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور شاندار کارنامہ انجام دیا ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بابر اعظم نے ہرشت رانا کی گیند پر ایک شاندار چوکا لگا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ بابر نے یہ کارنامہ اپنی 24ویں اننگز میں انجام دیا، جس کے ساتھ ہی انہوں نے سابق پاکستانی لیجنڈری اوپنر سعید انور کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے یہ ریکارڈ 25 اننگز میں بنایا تھا۔اگرچہ بابر اعظم نے بھارت کے خلاف اس میچ میں صرف 23 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن ان کے کیریئر میں یہ مختصر اننگز بھی ایک بڑی کامیابی کے طور پر جانی جائے گی، کیونکہ اس کے ذریعے وہ سعید انور جیسے عظیم بلے باز سے آگے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔
پاکستان کے لیے ایک اور فخر کی بات یہ ہے کہ اس فہرست میں جاوید میاں داد بھی شامل ہیں، جو تیز ترین ایک ہزار ون ڈے رنز بنانے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ جاوید میاں داد نے یہ سنگ میل 30 اننگز میں عبور کیا تھا۔بابر اعظم کی اس کامیابی پر نہ صرف کرکٹ شائقین بلکہ کرکٹ ماہرین نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نے اپنی محنت، مستقل مزاجی اور غیر معمولی بیٹنگ تکنیک سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔