بھارتی اداکارہ جس نے 3 سال میں 3 ہزار کروڑ بھارتی روپے کمالیے
ممبئی (صداۓ روس)
بھارتی فلم انڈسٹری میں تیزی سے مقبولیت حاصل کرنے والی 28 سالہ اداکارہ رشمیکا منڈنا نے 2023 سے 2025 کے دوران سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں میں پہلا مقام حاصل کر لیا ہے، اور اس دوڑ میں نامور اداکارائیں جیسے پریانکا چوپڑا اور دیپیکا پڈوکون کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، رشمیکا منڈنا نے اپنی چنچل اداکاری اور شاندار پرفارمنس سے نہ صرف ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری میں بلکہ ممبئی کے سینما گھروں میں بھی اپنی الگ پہچان بنائی ہے۔ ان کی کامیابیوں کا سفر 2023 میں فلم “اینیمل” سے شروع ہوا، جس نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی اور انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
2024 میں رشمیکا کی فلم “پشپا 2” نے باکس آفس پر دھوم مچا دی اور پچھلے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔ اس فلم نے ہر پلیٹ فارم پر یکساں کامیابی حاصل کی اور نہ صرف بھارت بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی خوب مقبولیت حاصل کی۔ فلم میں ان کے کردار اور زبردست اداکاری کو شائقین اور ناقدین نے یکساں طور پر سراہا۔یہ کامیابیاں یہاں نہیں رکیں بلکہ 2025 میں ان کی فلم “چھاوا” نے بھی سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور ایک اور بڑی سپر ہٹ فلم کے طور پر سامنے آئی۔ اس فلم کی کامیابی نے رشمیکا کو فلم انڈسٹری میں وہ مقام دلایا جہاں پہنچنا ہر اداکارہ کا خواب ہوتا ہے۔
رشمیکا منڈنا کی لگاتار کامیابیوں کے باعث فلم پروڈیوسرز اور ہدایت کاروں کے درمیان انہیں سائن کرنے کی دوڑ لگ گئی ہے۔ ہر پروڈیوسر کی یہی خواہش ہے کہ وہ کسی نہ کسی طرح رشمیکا کو اپنی فلم کا حصہ بنا لے۔ فلم ساز اور ہدایت کار انہیں “قسمت کی دیوی” کہنے لگے ہیں، کیوں کہ جس پروجیکٹ میں وہ شامل ہوتی ہیں، وہی فلم شاندار کامیابی حاصل کرتی ہے۔رشمیکا منڈنا نے اپنی محنت، لگن اور بہترین اداکاری کے ذریعے یہ مقام حاصل کیا ہے، اور ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت یہ ثابت کرتی ہے کہ آنے والے سالوں میں بھی وہ فلم انڈسٹری میں راج کرتی رہیں گی۔