روسی فوجی انصاف کے لیے لڑ رہے ہیں, پوتن
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین کے خلاف خصوصی فوجی آپریشن میں ملک کی فوج اور اس کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ “انصاف” اور روس کے مستقبل کے لیے لڑ رہے ہیں۔ روسی صدر نے یہ ریمارکس ڈیفنڈر آف دی فادر لینڈ ڈے منانے کی تقریب کے دوران کہے، جب انہوں نے کریملن میں روسی فوجیوں کی میزبانی کی اور انہیں ملک کے سب سے بڑے گولڈ سٹار میڈل سرکاری اعزازات سے نوازا ۔
صدر پوتن نے کہا خصوصی فوجی آپریشن کے شرکاء ہمارے باپ، دادا، پردادا کی وراثت کے حق دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین میں لڑنے والے فوجی ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے، روس کی سلامتی کے پہرے دار ہیں. روسی صدر نے کہا کہ روس کے فوجی سچائی اور انصاف کے لیے، امن کے لیے، ہمارے لوگوں کے مستقبل کے لیے بہادری سے لڑ رہے ہیں۔ صدر نے روسی فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کوششوں کی بدولت ہم اپنے مقاصد حاصل کر رہے ہیں، ملک کو آپ پر، آپ کے کارناموں پر اور وطن کے دفاع میں آپ کے تعاون کرنے پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی بہادری، لگن، فرض سے وفاداری اور وطن سے محبت کے لیے آپ کا شکریہ۔