ہومپاکستانمختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی

مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی

مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی
اسلام آباد (صداۓ روس)

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ اس کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، جبکہ بالائی اضلاع میں رات کے اوقات میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

مغربی اور شمال مغربی بلوچستان، مغربی خیبرپختونخوا اور وسطی و جنوبی پنجاب میں مطلع ابر آلود رہے گا، اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک والی بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔ بالائی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم دوپہر کے بعد مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہے۔مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں موسم سرد رہے گا، اور دوپہر کے بعد بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔ شام یا رات کے اوقات میں جنوبی پنجاب کے اضلاع جیسے ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، میانوالی، خانیوال، کوٹ ادو، بہاولپور اور رحیم یار خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

وزیرستان، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم، باجوڑ، خیبر، چترال اور دیر میں بھی بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے، جن میں کوئٹہ، زیارت، چمن، مستونگ، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، خضدار، بارکھان، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل شامل ہیں۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم بالائی سندھ میں جزوی طور پر بادل چھائے رہیں گے۔ شام یا رات کے دوران سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی، کشمور اور قریبی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے، اور شام یا رات کے اوقات میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل