ہومکھیلچیمپئنز ٹرافی میں بھارت سے شکست کے بعد کوچ عاقب...

چیمپئنز ٹرافی میں بھارت سے شکست کے بعد کوچ عاقب جاوید اور سپورٹ سٹاف کو برطرف کرنے کا فیصلہ

چیمپئنز ٹرافی میں بھارت سے شکست کے بعد کوچ عاقب جاوید اور سپورٹ سٹاف کو برطرف کرنے کا فیصلہ
دبئی (صداۓ روس)

پاکستان کرکٹ ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی، خصوصاً بھارت کے خلاف بدترین شکست کے بعد کوچنگ سٹاف میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ کرکٹ بورڈ کے قریبی ذرائع کے مطابق عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو ٹورنامنٹ کے بعد ان کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی میں اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت نے 6 وکٹوں سے شکست دے کر قومی ٹیم کی کارکردگی پر مزید سوالات کھڑے کر دیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک باخبر ذریعے نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ٹیم کی کارکردگی پر سخت ردعمل آیا ہے، اور چیمپئنز ٹرافی کے بعد کوچنگ سٹاف میں مکمل تبدیلی کی جائے گی۔ ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ ٹیم کے لیے الگ الگ ہیڈ کوچز رکھے جائیں گے یا نہیں، لیکن عاقب جاوید سمیت موجودہ سپورٹ سٹاف کی چھٹی یقینی ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک سال میں کوچز اور سلیکٹرز کی بار بار تبدیلی کی وجہ سے نئے امیدواروں کا انتخاب بھی ایک چیلنج بن گیا ہے۔پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے گرے کرسٹن کے مستعفی ہونے کے بعد عاقب جاوید کو پہلے وائٹ بال ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔ بعد میں انہیں آسٹریلوی کوچ جیسن گلیسپی کے جانے کے بعد ریڈ بال ٹیم کا عبوری کوچ بھی بنا دیا گیا۔ تاہم اب عاقب جاوید کی جگہ کسی مستقل کوچ کی تقرری پر غور کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کو 16 مارچ سے 5 اپریل تک نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے، جہاں وہ پانچ ٹی20 اور تین ون ڈے میچز کھیلے گا۔ اس سے قبل ہی پی سی بی نے مستقل کوچز کے انتخاب کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کی وجہ سے پی سی بی نئے کوچز کی تقرری پر توجہ نہیں دے سکا، لیکن اب یہ اولین ترجیح ہوگی۔غیر ملکی کوچز کے ساتھ پیش آنے والے مسائل کے پیش نظر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پی سی بی پاکستانی سابق کھلاڑیوں کو کوچنگ کے لیے موقع دے سکتا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے بعد پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی بورڈ آف گورنرز سے مشاورت کریں گے کہ آیا موجودہ سلیکشن کمیٹی کو برقرار رکھا جائے یا اس میں بھی تبدیلی کی جائے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل