آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ایک اہم میچ میں افغانستان نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آٹھ رنز سے شکست دے دی
لاہور (صداۓ روس)
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ایک اہم میچ میں افغانستان نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آٹھ رنز سے شکست دے دی۔ اس میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز کا مضبوط اسکور بنایا۔ افغانستان کی اننگز میں سب سے نمایاں کارکردگی ابراہیم زدران کی رہی، جنہوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 146 گیندوں پر 177 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں بہترین آغاز کے باوجود 317 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 111 گیندوں پر 120 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، لیکن وہ اپنی ٹیم کو جیت دلوانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ انگلینڈ کے دیگر بلے باز افغانستان کے باؤلرز کے خلاف زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔
افغانستان کے باؤلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر عظمت اللہ عمار زئی نے تباہ کن بیٹنگ اور باؤلنگ کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 41 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ پانچ وکٹیں بھی حاصل کیں۔ اور انگلینڈ کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ ان کی اس زبردست باؤلنگ کی بدولت افغانستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر ایک یادگار فتح حاصل کی۔
ابراہیم زدران نے شاندار 177 رنز کی اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔واضح رہے کہ ان کی یہ اننگ نہ صرف افغانستان ٹیم کا بلکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا بھی سب سے بڑا ون ڈے انٹرنیشنل اسکور ہے۔