وزیراعظم پاکستان کو روس اسلامی دنیا قازان فورم میں شرکت کی دعوت
ماسکو (صداۓ روس)
رشین فیڈریشن نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو 13 سے 18 مئی 2025 کو تاتارستان کے دارالحکومت قازان میں منعقد ہونے والے 16ویں بین الاقوامی اقتصادی فورم “روس – اسلامک ورلڈ: کازان فورم” میں شرکت کی دعوت دی ہے، جس میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی اور سماجی و ثقافتی تعاملات کے بے پناہ مواقع کی پیشکش کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق روسی حکام نے وزیراعظم شہباز شریف کو دعوت نامہ بھجوا دیا ہے اور وہ فورم میں ان کے استقبال کے منتظر ہیں۔ اس فورم کا مقصد روسی فیڈریشن اور اسلامی تعاون تنظیم ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی، تعلیمی، سماجی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔ او آئی سی کا ایک اہم رکن ہونے کے ناطے پاکستان نے روس کے ساتھ اپنے رابطوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ قازان فورم میں فریقین کا میل جول جاری رہے گا، شرکاء کے لیے ایک اہم مسئلہ روس اور پاکستان کے درمیان بات چیت ہوگا۔
کازان فورم 2025 پروگرام میں درج ذیل موضوعات پر 100 سے زیادہ سیشنز اور تقریبات شامل ہیں: بین الاقوامی تعاون، کاروبار، اسلامی مالیات اور حلال صنعت، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس، سائنس اور ٹیکنالوجی، آئی ٹی، صنعت، تعمیرات، طب، تعلیم، سیاحت، ثقافت، میڈیا انڈسٹری اور دیگر۔