امریکہ روس پر عائد پابندیاں کسی بھی وقت اٹھا سکتا ہے، امریکی صدر
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اشارہ کیا کہ یوکرین امن مذاکرات کے دوران امریکہ کسی بھی وقت روس کے خلاف پابندیاں ہٹا سکتا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ تین برس قبل 2022 میں یوکرین کے تنازعے میں اضافے کے بعد سے امریکہ اور دیگر مغربی ممالک نے روس پر بے مثال اقتصادی پابندیاں عائد کی ہیں۔ ماسکو پابندیوں کو غیر قانونی سمجھتا ہے اور مسلسل ان کے خاتمے کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا فلحال ہم نے روس پر سے کوئی پابندیاں نہیں ہٹائی ہیں… میرا اندازہ ہے کہ یہ کسی وقت اٹھائی جا سکتی ہیں، لیکن فی الحال ہم نے روس پر پابندیاں ہٹانے پر اتفاق نہیں کیا ہے. ٹرمپ نے ایک پریس بریفنگ میں اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ اب تک روس امریکہ بات چیت کا حصہ رہا ہے۔
اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے حال ہی میں تجویز پیش کی تھی کہ مغربی ممالک کو روس پر سے پابندیاں ہٹانے پر غور کرنا ہو گا تاکہ یوکرین کے تنازعے کا پائیدار اور ٹھوس حل تلاش کیا جا سکے۔ گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات کے بعد بات کرتے ہوئے، انہوں نے اشارہ دیا کہ تنازع کے خاتمے کے لیے پابندیوں کی پالیسیوں کو چھوڑنے سمیت تمام فریقوں کی طرف سے رعایتیں دی جانی ہوں گی۔ روبیو نے بتایا تاہم یورپی یونین کو پابندیوں میں ریلیف پر بات کرنے کے لیے میز پر آنا پڑے گا، کیونکہ اس نے روس کو نشانہ بنانے والے پابندیوں کے اقدامات بھی نافذ کیے ہیں۔