بھارت آسٹریلیا کو شکست دیکر چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس بڑے مقابلے میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلوی ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 264 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جواب میں بھارت نے 265 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان اسٹیو اسمتھ نے 73 رنز کی اننگز کھیلی، ایلکس کیری نے 61 رنز بنائے اور اوپنر ٹریوس ہیڈ 39 رنز اسکور کرسکے۔ بھارت کے محمد شامی نے 3، جدیجا اور ورون چکرورتھی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت نے 265 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے 84 رنز کی اہم اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ ان کے علاوہ شریاس ایئر 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ہاردیک پانڈیا اور روہت شرما نے 28، 28 رنز بنائے، اکشر پٹیل 27 اور شبمن گل 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا اور ناتھن ایلس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خیال رہےکہ بھارت پانچویں بار چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچا ہے۔ 2002 اور 2013 میں بھارت فاتح رہا تھا جب کہ 2000 اور 2017 میں اسے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل کل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جب کہ فائنل اتوار 9 مارچ کو دبئی میں کھیلا جائےگا۔