جدید امریکی اسلحہ روسی فوج نے تباہ کردیا، یوکرین کو مزید ہتھیار نہیں بھیج سکتے، امریکہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
نیو یارک ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ یوکرین کی فوج نے امریکہ کی طرف سے فراہم کردہ ایم 1 ابرامز ٹینکوں کی اکثریت کھو دی ہے۔ کیف کے بے نام حکام نے اخبار کو بتایا کہ فرنٹ لائن پر بھیجے گئے 31 میں سے 19 ابرامز ٹینک تباہ ہوگے یا وہیں شدید نقصان پہنچا جس کی وجہ سے وہ ناکارہ ہو گئے ہیں۔ یاد رہے ٹینکوں کو روس کے ساتھ تنازع میں ممکنہ “گیم چینجر” کے طور پر بھیجا گیا تھا۔ نیو یارک ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ روسی ڈرون اور توپ خانے کے حملے امریکی ساختہ ہتھیاروں کے خلاف انتہائی موثر ثابت ہوئے ہیں۔ اخبار نے یوکرینی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ تقریباً تمام باقی ماندہ ٹینک اگلے مورچوں سے واپس لے لیے گئے ہیں۔
واشنگٹن نے ستمبر 2023 میں پہلے ابرامز ٹینک کیف کو پہنچائے۔ ان کی تعیناتی کے فوراً بعد، روسی وزارت دفاع نے میدان جنگ میں ابرامز کے جلتے ہوئے ٹینکوں کی ویڈیوز جاری کرنا شروع کیں، جس میں کم از کم ایک ٹینک پکڑا گیا اور اگست میں ماسکو کے بالکل باہر پیٹریاٹ پارک میں منعقدہ آرمی-2024 ایکسپو میں نمائش کے لیے رکھا گیا۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ یوکرین کے پاس لڑائی جاری رکھنے کے لیے کافی افرادی قوت نہیں ہے جبکہ امریکہ کے پاس خاطر خواہ فنڈز کی کمی ہے۔ انہوں نے فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایک دن آئے گا جب یورپی رہنما خفیہ طور پر فون اٹھائیں گے اور کہیں گے ہماری جانب سے امداد کا یہ سلسلہ ہمیشہ کے لیے نہیں چل سکتا، لہذا یوکرین کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا.