امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کی شب کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران افغانستان سے انخلا کے وقت ہونے والے دھماکے کے مبینہ ملزم کی گرفتاری پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔صدر ٹرمپ نے خطاب کے دوران کہا کہ کابل ایئرپورٹ کے ایبی گیٹ پر ہونے والے حملے کے ‘دہشت گرد’ کو امریکہ لایا جا رہا ہے۔اگست 2021 میں امریکی افواج کے افغانستان سے انخلا کے دوران کابل ایئرپورٹ کے ایبے گیٹ پر دھماکہ ہوا تھا جس میں 13 امریکی اہلکاروں سمیت 150 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ دھماکے کے مبینہ ملزم کی شںاخت محمد شریف اللہ کے نام سے ہوئی ہے جسے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے امریکہ لایا جا رہا ہے۔امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کیش پٹیل کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی، سی آئی اے اور محکمۂ انصاف کی کوششوں کے نتیجے میں ملزم کو امریکہ لایا جا رہا ہے۔دوسری جانب پاکستان کی جانب سے فوری طور پر اس ضمن میں کوئی بیان جاری نہیں ہوا ہے۔