موٹروے پر تیز رفتاری پر پہلی ایف آئی آر درج، ڈرائیور گرفتار
اسلام آباد (صداۓ روس)
موٹروے پولیس نے تیز رفتاری پر پہلی ایف آئی آر درج کروادی، ڈرائیور کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔موٹروے پولیس نے تیز رفتاری پر مقدمے درج کرانا شروع کر دیے ہیں، پہلی ایف آئی آر ملتان کے قریب پشاور کے شہری پردرج کروا ئی گئی، ڈرائیور کو حراست میں لے کر ملتان پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تیز رفتاری کا واقعہ ملتان کےقریب موٹروے ایم 4 پر پیش آیا جہاں ایک گاڑی 173 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جا رہی تھی۔ ترجمان کے مطابق غفلت اور تیز رفتار ڈرائیونگ کی دفعات کے تحت مقدمہ تھانہ بدھلہ سنت ملتان میں درج کیا گیا ہے اور پشاور کے رہائشی ملزم ڈرائیور رحیم خان کو حراست میں لے کر مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری کے خلاف مقدمات درج کرانے کا حکم آئی جی موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ نے دیا ہے۔