سابق سینیٹر مشتاق احمد کے بڑے بھائی ہمسائے کی فائرنگ سے جاں بحق
پشاور (صداۓ روس)
جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سابق امیر اور سینیٹر مشتاق احمد خان کے بڑے بھائی شکیل احمد اپنے ہمسائے کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ضلع صوابی کے گاؤں احد خان کلے شیخ جانہ میں پیش آیا، جہاں شکیل احمد کو ان کے گھر کے سامنے گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) صوابی محمد اظہر نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شکیل احمد خان اپنے ہمسائے کی فائرنگ سے جان کی بازی ہار گئے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ملزم نے پہلے اپنے والد کو قتل کیا تھا، جس کے بعد مقتول شکیل احمد خان صلح صفائی کے لیے آگے بڑھے، مگر اسی دوران وہ خود بھی فائرنگ کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے۔
ڈی پی او صوابی نے مزید کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم مبینہ طور پر نشے کا عادی ہے اور اس کا ذہنی توازن بھی مکمل طور پر درست نہیں لگتا۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ اس المناک واقعے پر سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بڑے بھائی شکیل احمد خان کو ان کے گاؤں میں گھر کے سامنے بے دردی سے قتل کیا گیا۔ انہوں نے اسے ایک انتہائی افسوسناک اور درندگی پر مبنی واقعہ قرار دیا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ ان کے بھائی انہیں بے حد عزیز تھے اور وہ ان کے دست و بازو کی حیثیت رکھتے تھے۔
شکیل احمد خان کے قتل پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مشتاق احمد خان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ان کے بھائی کی شہادت پر تعزیت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی مشتاق احمد خان سے اظہار تعزیت کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے بھائی کے قاتل کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔