ہومکھیلچیمپئنز ٹرافی 2025: کس کھلاڑی نے سب سے زیادہ وکٹیں لیں اور...

چیمپئنز ٹرافی 2025: کس کھلاڑی نے سب سے زیادہ وکٹیں لیں اور سب سے زیادہ رنز بنائے؟

چیمپئنز ٹرافی 2025: کس کھلاڑی نے سب سے زیادہ وکٹیں لیں اور سب سے زیادہ رنز بنائے؟
دبئی (صداۓ روس)

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شاندار اختتام بھارت کی فتح کے ساتھ ہوا۔ بھارت نے فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

اتوار کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز اسکور کیے۔ جواب میں بھارت نے یہ ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا اور یوں بھارت چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بن گیا۔

نیوزی لینڈ کے نوجوان آل راؤنڈر راچن رویندرا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سب سے کامیاب بلے باز ثابت ہوئے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے 4 میچز میں 263 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ راچن رویندرا نے اس ایونٹ میں دو شاندار سنچریاں بھی اسکور کیں اور ساتھ ہی بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بہترین کارکردگی کی بدولت انہیں “پلیئر آف دی ٹورنامنٹ” کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں بھارت کے شریاس ائیر دوسرے نمبر پر رہے، انہوں نے 243 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کے بین ڈکٹ 227 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیند بازوں میں نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری سب سے آگے رہے۔ اگرچہ وہ کندھے کی چوٹ کے باعث فائنل میچ میں شرکت نہ کر سکے، مگر اس کے باوجود انہوں نے 4 میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔

میٹ ہینری کو سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف فیلڈنگ کے دوران چوٹ لگ گئی تھی، جس کے باعث وہ فیصلہ کن معرکے میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہ کر سکے۔ بھارت کے ورون چکرورتی نے بھی شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا اور 3 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ ان کے علاوہ بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی اور نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے 5 میچوں میں 9، 9 وکٹیں حاصل کیں۔

چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ پاکستان کے حسن علی اور ویسٹ انڈیز کے جیروم ٹیلر کے پاس ہے۔ حسن علی نے 2017 میں 13 جبکہ جیروم ٹیلر نے 2006 میں 13 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں مجموعی طور پر 8 ٹیموں نے شرکت کی اور کل 15 میچز کھیلے گئے۔ پاکستان نے اس ایونٹ کی میزبانی کی جبکہ بھارت نے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل