ہومانٹرنیشنلعثمان خواجہ کی سوشل میڈیا پر فلسطین کے حق میں مضبوط آواز

عثمان خواجہ کی سوشل میڈیا پر فلسطین کے حق میں مضبوط آواز

عثمان خواجہ کی سوشل میڈیا پر فلسطین کے حق میں مضبوط آواز
میلبرن (صداۓ روس)

پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے ایک بار پھر فلسطین کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’تھریڈ‘ پر ایک پوسٹ کی جس میں غزہ میں جاری مظالم اور معصوم بچوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں، انہوں نے اسی پوسٹ کو اپنے ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق، آسٹریلیا کے معروف ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ غزہ میں بغیر کسی جواز کے جنگ بندی ختم کر دی گئی، اور اس کے نتیجے میں صرف ایک دن کے اندر 123 معصوم بچے جاں بحق ہوگئے۔ انہوں نے اس دل دہلا دینے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہی صورتحال کسی اور طرف ہوتی، یعنی اگر اسرائیل میں معصوم بچے اسی طرح مارے جاتے، تو دنیا کا ردعمل کس قدر شدید ہوتا اور عالمی سطح پر کس قدر غم و غصے کا اظہار کیا جاتا۔

عثمان خواجہ نے مزید لکھا کہ بدقسمتی سے دنیا میں تمام زندگیاں برابر نہیں سمجھی جاتیں۔ یہ بچے محض تاریخ کے اوراق میں ایک عدد تک محدود ہو جائیں گے، مگر حقیقت میں یہ بھی عام انسانوں کی طرح جیتے جاگتے وجود رکھتے تھے۔ ان کے بھی نام تھے، بہن بھائی تھے، والدین اور خاندان تھا جو ان سے محبت کرتے تھے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں اس بات پر زور دیا کہ ہم ان مظالم کو معمول کا حصہ نہیں بنا سکتے، حالانکہ انہیں یہ خوف لاحق ہے کہ شاید دنیا ایسا کرنے کی عادی ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا کہ یہ سب کچھ اب بھی دنیا کے سامنے ہو رہا ہے اور کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی جا رہی۔

یہ پہلی بار نہیں کہ عثمان خواجہ نے فلسطین کے حق میں آواز بلند کی ہو۔ وہ اس سے قبل بھی کئی مواقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر چکے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے سری لنکا ٹیسٹ سیریز کی کوریج کرنے والے آسٹریلوی صحافی پیٹر لالور کو اسرائیل اور فلسطین کے مسئلے پر بات کرنے کی پاداش میں نوکری سے نکالے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل