تیسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی
ماسکو (صداۓ روس)
سیریز کے ابتدائی 2 میچز ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم نے آج نیوزی لینڈ کو تیسرے میچ میں 9 وکٹ سے شکست دے دی۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 205 رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ قومی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ آکلینڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ میچ میں پاکستان کا پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ صحیح ثابت ہوا، شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں کیوی بیٹر فن ایلن کو آؤٹ کردیا۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد نیوزی لینڈ نے پلٹ کر جواب دیا اور تیز بیٹنگ کر کے 4 اوورز میں اسکور 43 تک پہنچا دیا جس کے بعد ٹم سائفرٹ 19 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بن گئے۔
پاکستان ٹیم نے ہدف کے تعاقب کا آغاز شاندار اور جارحانہ انداز میں کیا، پاکستانی اوپنرز محمد حارث اور حسن نواز نے تیز بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔دونوں اوپنرز نے پاور پلے کے 6 اوورز کا بہت ہی خوبصورتی اور مہارت کے ساتھ فائدہ اٹھایا اور پارٹنر شپ قائم کر کے 5.5 اوورز میں اسکور 74 تک پہنچا دیا جس کے بعد محمد حارث 20 گیندوں پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے. پہلی وکٹ گرنے کے کے بعد بھی پاکستانی بیٹرز نے ہدف پر نظریں جما کر تیز بیٹنگ جاری رکھی اور 10 اوورز میں اسکور 124 تک پہنچا دیا۔اس دوران حسن نواز نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی جبکہ دوسرے اینڈ سے کپتان سلمان آغا نے بھی تیز رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ جاری رکھی۔ آکلینڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان ٹیم میں عباس آفریدی اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا ہے جبکہ محمد علی اور جہانداد خان کو ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم میں محمد حارث، حسن نواز، سلمان علی آغا، عرفان نیازی، شاداب خان، عبدالصمد، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔