ماسکو (صدائے روس)
ماسکو کے حسینیہ اسلامک سنٹر امام بارگاہ میں شہادتِ امام علی علیہ السلام کی مناسبت سے پاکستانی مومنین کی جانب سے ایک عظیم الشان مجلسِ عزا منعقد کی گئی، جس میں عاشقانِ اہلِ بیتؑ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس روحانی اجتماع کا اہتمام پاکستانیوں کی انجمن حسینہ ماسکو کی جانب سے کیا گیا تھا۔
مجلس کی ابتدا تلاوتِ قرآن مجید سے ہوئی، جس کے بعد معروف عالمِ دین مولانا کمیل مہدوی کا آن لائن خطاب نشر کیا گیا ۔ انہوں نے امام علی (ع) کی سیرتِ طیبہ، ان کے عدل و انصاف، اور ان کی شہادت کے فلسفے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مولانا نے امام علی (ع) کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی انسانیت، عدل، اور تقویٰ کا عملی نمونہ تھی۔
ویڈیو دیکھنے کے لئے یہاں کلک کریں .
اس موقع پر پاکستانی طلبہ نے امام علی (ع) کی مظلومانہ شہادت پر مرثیہ خوانی کی، جبکہ شرکاء مجلس نے گریہ و زاری کے ساتھ امامِ مظلوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ عزاداروں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے نوحہ خوانی کی اور پرسہ پیش کیا۔ دورانِ مجلس صلوات اور نعرۂ حیدری کی صدائیں فضا میں گونجتی رہیں، جس سے ماحول انتہائی سوگوار ہو گیا۔
مجلس کے اختتام پر باقاعدہ ماتم داری ہوئی، جس میں عزاداروں نے امام علی (ع) کی یاد میں سینہ زنی کی۔ بعد ازاں، تمام شرکاء نے نمازِ مغربین ادا کی اور افطار کے ساتھ مجلس اختتام پذیر ہوئی۔ یہ روحانی اجتماع امام علی (ع) کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کے عزم کی تجدید کا موقع بھی تھا.