امریکہ نیا لڑاکا طیارہ بنائے گا، ٹرمپ کا اعلان
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکہ میں ٹرمپ انتظامیہ نے دنیا میں امریکی فضائیہ کو مضبوط بنانے کے لیے بوئنگ کمپنی کو چھٹے جنریشن کے ایف-47 لڑاکا طیارے کی تیاری کے لیے20 بلین ڈالر کا ٹھیکہ دیا ہے۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کو وائٹ ہاؤس میں اس کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ بھی ان کے ساتھ کھڑے تھے۔ ایف-47 کو فضائی جنگ کے میدان میں اپنا تسلط برقرار رکھنے کے لیے امریکہ کے اگلی نسل کے پروگراموں کا حصہ بتایا جارہا ہے ۔ یہ دعوی کیا گیا ہے کہ ایف-47 میں ریڈار سے بچنے کی اگلی نسل کی ٹیکنالوجی ہوگی اور یہ ایک لڑاکا طیارہ ہوگا جس کی صلاحیت موجودہ عالمی معیارات سے کہیں زیادہ ہوگی۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایف-47 اب تک بنایا گیا سب سے جدید، سب سے زیادہ قابل، سب سے مہلک طیارہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس طیارے کا نمونہ گزشتہ 5 سال سے جانچ کے لیے خفیہ طور پر اڑایا جا رہا تھا۔ امریکی صدر نے کہا، ‘ہمیں یقین ہے کہ یہ اپنی صلاحیتوں میں کسی دوسرے ملک کی صلاحیتوں سے بہت زیادہ ہے۔’
وزیر دفاع ہیگستھ نے کہا کہ ایئر فورس کے شعبے میں ہماری اگلی نسل کا غلبہ ہمارے دوستوں اور دشمنوں دونوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔’ خیال کیا جا رہا ہے کہ امریکہ ایف-22 کی جگہ F-47 طیاروں کو فضائی سروس میں شامل کرے گا۔ یہ بھی مانا جارہا ہے کہ یہ نئے طیارے فضائی حملے اور دفاعی ٹیکنالوجی میں ایک بڑی پیشرفت کی نمائندگی کریں گے۔