کراچی میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے حاملہ خاتون شوہر سمیت جاں بحق
اسلام آباد (صداۓ روس)
کراچی میں ایک اور خاندان ٹریفک حادثے کی نذر ہوگیا، ملیر ہالٹ میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو تیز رفتار واٹر ٹینکر نے کچل دیا۔ حاملہ خاتون چیک اپ کےلیے شوہر کے ساتھ اسپتال جارہی تھی، حادثے کے بعد شدید زخمی حالت میں بچے کو جنم دیا لیکن ماں باپ کے ساتھ بچہ بھی دم توڑ گیا۔ اس سال اب تک مختلف ٹریفک حادثات میں کراچی کے 214 شہری جانیں گنواچکے ہیں۔ المناک ٹریفک حادثہ ملیر ہالٹ بس اسٹاپ پر پیش آیا، جہاں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی کو کچل دیا۔ حادثے کی شکار خاتون نے شدید زخمی حالت میں بچے کو جنم دیا لیکن بدقسمتی سے ماں باپ کے ساتھ بچہ بھی جاں بحق ہوگیا۔
ہلاک خاتون کے والد کا بتانا ہے کہ ان کی حاملہ بیٹی اپنے خاوند عبدالقیوم کے ساتھ میڈیکل چیک اپ کےلیے اسپتال جارہی تھی۔ ریسکیو حکام کے مطابق کراچی میں اس سال ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 214 ہوگئی جبکہ ہیوی ٹریفک سے ہونے والے حادثات میں یکم جون سے اب تک 68 شہری موت کے گھاٹ اُتر چکے ہیں۔پولیس کے مطابق واٹر ٹینکر اور اس کے ہیلپر کو گرفتار کرلیا گیا ہے، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کو جلانے کی کوشش بھی کی۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے موقع پر پہنچ کر واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے کر ماڈل کالونی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔