روس- امریکہ بات چیت کے نتائج منظرعام پر نہیں لائے جائیں گے، ماسکو
ماسکو (صداۓ روس)
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ پیر کو سعودی عرب میں روسی اور امریکی حکام کے درمیان ہونے والی وسیع بات چیت کی تفصیلات منظر عام پر نہیں لائی جائیں گی۔ یاد رہے دونوں وفود نے ریاض میں تقریباً 12 گھنٹے تک بات چیت کی، جس میں یوکرین کے تنازعے کو کم کرنے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ منگل کو ایک باقاعدہ پریس بریفنگ کے دوران، پیسکوف نے اس بات پر زور دیا کہ تفصیلات منظرعام پر نہیں لائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا میراتھن روسی-امریکی مذاکرات کے نتائج کو متعلقہ دارالحکومتوں تک پہنچا دیا گیا ہے اور فی الحال ان کا تجزیہ کیا جا رہا ہے. پیسکوف نے کہا یہ تکنیکی بات چیت تھی، جس میں تفصیلات سے بات چیت کی گئی تھی، لہذا ان مباحثوں کے مواد کو عام نہیں کیا جائے گا۔
پیسکوف نے کہا کہ ماسکو تازہ ترین سفارتی مصروفیات کے بعد روسی صدر ولادیمیر پوتن اور ان کے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان براہ راست بات چیت کی پیش گوئی نہیں کرتا۔ مزید برآں اس وقت یوکرین پر مشتمل سہ فریقی مذاکرات کی کوئی توقع نہیں ہے۔ پیسکوف نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مزید بات چیت مناسب وقت پر ہوگی۔