روس امریکہ تعلقات سے یورپ میں تشویش کی لہر
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
روس اور امریکہ کے درمیان بہتر ہوتے تعلقات سے یورپ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے. واضح رہے امریکہ کی نئے قیادت اب یوکرینی تنازعہ کا حل چاہتی ہے جبکہ یورپ اس تنازعہ کو مزید طویل کرنا چاہتا ہے جس کا مقصد روس کو کمزور کرنا ہے. دنیا میں بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل صورتحال کے دوران اب روس اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت نے یورپی ممالک کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ جرمن حکام کا ماننا ہے کہ اگر روس اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں بہتری آتی ہے تو یورپ کی سلامتی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جس کے سدباب کے لیے جرمنی نے اپنی فوجی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے اربوں یوروز کے اضافی بجٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
جس جنگ نے امریکا اور یورپ کو پھر سے متحد کردیا تھا، اب اُسی جنگ سے متعلق مذاکرات نے اِن اتحادیوں کو ایک دوسرے کے سامنے لاکھڑا کیا ہے اور یہ صرف ایک شخص کے اقتدار میں آنے سے ہوا ہے۔ وہ ہے، ڈونلڈ ٹرمپ۔ ایک فوجی فلسفی کا قول ہے کہ’’جنگ کرنا آسان، مگر اُسے امن کے ذریعے ختم کرنا بہت مشکل ہے۔‘‘
بالکل یہی صُورتِ حال روس، یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات میں نظر آئی۔کہانی کا آغاز اُس ٹیلی فون کال سے ہوتا ہے، جو ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر کے درمیان ہوئی۔ دونوں طرف کے بیانات کے مطابق، اِس کال میں مرکزی نکتہ جنگ کا خاتمہ تھا، لیکن دونوں بڑی طاقتوں کے صدور کی بات چیت کے دَوران امریکا، روس تعلقات کی بحالی بھی زیرِ بحث آئی۔اِس ضمن میں اعلیٰ سفارت کاروں کے درمیان جو ابتدائی بات چیت ریاض، سعودی عرب میں ہوئی، اُس سے تو لگتا ہے کہ مذاکرات امریکا اور روس کے تعلقات کی بحالی کے ساتھ ساتھ جنگ بندی کیلئے مفید رہے.