روس-امریکہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں جاری ہیں،پوتن کے ایلچی کا انکشاف
ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن کے سرمایہ کاری امور کے نمائندے کیریل دمتریف نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ ممالک دانستہ طور پر روس اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی بحالی کی کوششوں کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات واشنگٹن کے ایک نایاب دورے کے دوران کہی، جہاں انہوں نے اعلیٰ امریکی حکام سے ملاقاتیں کیں۔دمتریف نے جمعرات کی شام صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا “مختلف ممالک روس-امریکہ مذاکرات اور تعلقات کی بحالی کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے دوران کئی افواہیں، غلط بیانات اور گمراہ کن تشریحات سامنے آ رہی ہیں۔
بہت سے عناصر ایسے ہیں جو ہمارے تعلقات کو بہتر بنانے نہیں دینا چاہتے۔ میڈیا میں ایک منظم مہم چلائی جا رہی ہے، کچھ سیاستدان بھی تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، اور روسی بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے. دمتریف نے خبردار کیا کہ یہ سب روزانہ کی بنیاد پر ہو رہا ہے جس سے قیام امن کی رہ میں روکاٹ پیش آ رہی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ غلط معلومات کا بہترین جواب روس اور امریکہ کے درمیان براہِ راست مکالمہ ہے۔ ذرائع کے مطابق دمتریف نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے ایلچی اسٹیو وٹکوف سے بھی ملاقات کی، جو یوکرین سے متعلق امریکہ کے کلیدی مذاکرات کاروں میں شامل ہیں۔