ہومکھیلنیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف کلین سویپ، ون ڈے سیریز 0-3...

نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف کلین سویپ، ون ڈے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی

لاہور (صداۓ روس)

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں بھی شکست دے کر تین میچز پر مشتمل سیریز میں وائٹ واش مکمل کرلیا۔ ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلا گیا یہ میچ خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، تاہم میچ کا انعقاد ممکن ہوا اور دونوں ٹیموں کو 42، 42 اوورز کھیلنے کا موقع ملا۔

میچ کا ٹاس پاکستانی کپتان محمد رضوان نے جیتا اور فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 42 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔ کپتان مائیکل بریسویل نے شاندار 59 رنز بنائے اور سب سے زیادہ اسکور کیا۔ دیگر نمایاں بیٹسمینوں میں ڈیرل مچل نے 43 اور ہینری نکلز نے 31 رنز کی اننگز کھیلیں۔

پاکستان کی جانب سے نوجوان فاسٹ باؤلر عاکف جاوید نے سب سے عمدہ کارکردگی دکھائی اور 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ نسیم شاہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فہیم اشرف اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم ایک مرتبہ پھر بیٹنگ میں ناکام رہی اور 40 اوورز میں 221 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ اننگز کا آغاز مایوس کن رہا جب اوپنر امام الحق صرف ایک رن بنانے کے بعد فیلڈر کی گیند لگنے سے زخمی ہو کر ریٹائر ہرٹ ہوگئے۔ عبداللہ شفیق نے 33 رنز بنائے لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان محمد رضوان نے 37، طبیب طاہر نے 33، بابراعظم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سلمان آغا 11، عثمان خان 12، نسیم شاہ 17، فہیم اشرف 3، اور محمد وسیم جونئیر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بین سیئرز نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جیکب ڈفی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عباس اور ڈیرل مچل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل