قومی فنڈز ‘بیگمات’ پرخرچ نہ کریں، بیلاروسی صدر کا اعلیٰ حکام کو انتباہ
مینسک (صداۓ روس)
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے حکومتی افسران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلوں کی ترویج کے لیے مختص ریاستی فنڈز کو ذاتی اخراجات پر استعمال نہ کیا جائے، خاص طور پر کسی کی “محبوبہ” کے اخراجات کی ادائیگی کے لیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے اخراجات افسران کو اپنی ذاتی آمدنی سے پورے کرنے چاہییں۔یہ بیان انہوں نے جمعہ کے روز کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں سے متعلق اداروں کی معاونت پر منعقدہ ایک اجلاس میں دیا، جہاں انہوں نے قومی اسپورٹس کلبوں اور فیڈریشنز کو دیے گئے سرکاری فنڈز کے استعمال پر رپورٹ طلب کی۔
لوکاشینکو نے کہا، “میں آپ لوگوں کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ آج کل یہ جانچنا مشکل نہیں رہا کہ یہ پیسہ کہاں خرچ ہو رہا ہے – اور ہم اس پر نظر رکھیں گے۔” انہوں نے مزید کہا، “میں مرد سے مرد کی طرح بات کر رہا ہوں – اپنی بیوی، محبوبہ، یا کسی اور کو پالنا ہے تو اپنی کمائی سے پالیں۔ یہی انسانیت کا تقاضا ہے اور یہی مردانگی ہے۔”
صدر نے افسران کو یہ بھی باور کرایا کہ وہ جہاں سے چاہیں کمائی کریں، لیکن عوام کے پیسے کا ذاتی فائدے کے لیے استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔