پاکستان اور خلیجی ممالک میں عید الاضحیٰ 2025 کی ممکنہ تاریخوں کا اعلان
کراچی(صداۓ روس)
پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان عید الفطر کی خوشیوں کے بعد اب عید الاضحیٰ کی تیاریوں میں مصروف ہو چکے ہیں۔ یہ عظیم مذہبی تہوار ہر سال ذی الحجہ کی 10 تاریخ کو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کی یاد میں قربانی دے کر منایا جاتا ہے۔
فلکیاتی ماہرین کے اندازوں کے مطابق، رواں سال پاکستان میں عید الاضحیٰ ہفتہ، 7 جون 2025 کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم، یہ صرف ایک تخمینہ ہے اور اس کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند کی رویت کی تصدیق کے بعد کیا جائے گا۔
دوسری جانب، متحدہ عرب امارات میں بھی فلکیاتی ماہرین نے عید الاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق، ایمریٹس آسٹرونومی سوسائٹی کا کہنا ہے کہ ذی الحجہ کا چاند 27 مئی 2025 کو دیکھے جانے کا امکان ہے۔ اگر چاند اس تاریخ کو نظر آ گیا تو 28 مئی کو ذی الحجہ کا پہلا دن ہوگا اور یوں عید الاضحیٰ جمعہ، 6 جون 2025 کو منائی جائے گی۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ فلکیاتی اندازے حتمی نہیں ہوتے۔ عید الاضحیٰ کی اصل تاریخ کا انحصار چاند کی شرعی رویت پر ہوتا ہے، اور ہر ملک میں عید کی تاریخ مقامی رویت ہلال کمیٹی کی تصدیق کے بعد طے کی جاتی ہے۔
عید الاضحیٰ کے لیے دنیا بھر میں مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کے جانوروں کی خریداری اور دیگر انتظامات کا آغاز کر چکے ہیں۔ خاص طور پر پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور دیگر اسلامی ممالک میں مویشی منڈیوں کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں اور عوام حسبِ استطاعت قربانی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔