سعودی عرب نے 14 ممالک پر عمرہ، بزنس اور فیملی ویزوں کی عارضی پابندی عائد کر دی
ریاض (صداۓ روس)
سعودی حکومت نے حج سیزن 2025 کے دوران انتظامی اقدامات کے تحت پاکستان سمیت 14 ممالک پر عمرہ، بزنس اور فیملی ویزوں کی عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق یہ پابندی ایک محدود مدت کے لیے ہوگی اور اس کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق، اس پابندی کا اطلاق جن ممالک پر کیا گیا ہے ان میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش، مصر، انڈونیشیا، عراق، نائیجیریا، اردن، الجزائر، سوڈان، ایتھوپیا، تیونس اور یمن شامل ہیں۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرہ ویزہ رکھنے والے افراد کو 13 اپریل 2025 تک سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ہوگی، جس کے بعد داخلہ بند کر دیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستانی عمرہ زائرین کو 29 اپریل 2025 تک وطن واپسی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ وہ مقررہ تاریخ سے پہلے سعودی عرب سے روانہ ہو سکیں۔
پابندی کے دوران اگر کسی شخص نے خلاف ورزی کرتے ہوئے قیام کی مدت میں توسیع کی کوشش کی تو اسے پانچ سال کی سعودی عرب میں داخلے کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سعودی حکومت نے پاکستان کو اس فیصلے سے باضابطہ طور پر مطلع کر دیا ہے اور ویزہ پالیسی میں اس عارضی تبدیلی کے حوالے سے سفارتی چینلز کے ذریعے آگاہی فراہم کی گئی ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ یہ عارضی ویزہ پابندیاں جون کے وسط میں ختم ہو جائیں گی اور معمول کی سرگرمیاں بحال ہو جائیں گی۔ یہ فیصلہ ہر سال حج کے دوران ہجوم اور انتظامی دباؤ کو کم کرنے کے لیے کیا جاتا ہے تاکہ سعودی عرب میں حج انتظامات کو بخوبی سنبھالا جا سکے۔