پابندیوں کے باوجود روسی “میر” کارڈ کی عالمی قبولیت میں اضافہ
ماسکو (صداۓ روس)
بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود روسی ادائیگی کارڈ “میر” کو دنیا کے مزید ممالک میں قبول کیا جا رہا ہے، روسی مرکزی بینک کی سربراہ ایلوِرا نابیولینا نے ڈوما میں بتایا۔ ان کے مطابق یہ کارڈ اس وقت روس کے علاوہ 13 ممالک میں مختلف سطحوں پر قبول کیا جا رہا ہے، جن میں بیلاروس، کیوبا، ابخازیا اور جنوبی اوسیتیا میں مکمل طور پر، جبکہ آرمینیا، ویتنام، قازقستان، تاجکستان اور دیگر میں محدود پیمانے پر استعمال ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انڈونیشیا، پاکستان، تھائی لینڈ، نیپال، سری لنکا اور ملائیشیا میں اس کی آزمائشی قبولیت شروع ہوچکی ہے، جبکہ مصر، ایران اور ماریشس نے بھی اسے اپنانے کے ارادے ظاہر کیے ہیں۔ حالیہ برسوں میں ترکی، ازبکستان اور کرغیزستان میں اس کی قبولیت ختم کر دی گئی ہے۔