ہومپاکستانروسی سفارتخانے میں تقریب، سحرکامران کو پاک-روس تعلقات میں نمایاں خدمات پر...

روسی سفارتخانے میں تقریب، سحرکامران کو پاک-روس تعلقات میں نمایاں خدمات پر اعزاز سے نوازا گیا

روسی سفارتخانے میں تقریب، سحرکامران کو پاک-روس تعلقات میں نمایاں خدمات پر اعزاز سے نوازا گیا

اسلام آباد (صداۓ روس)
اسلام آباد میں روسی فیڈریشن کے سفارتخانے کے زیر اہتمام ہونے والی ایک باوقار تقریب کے دوران روس کے سفیر البرٹ پی خوروف نے پاکستان کی قومی اسمبلی کی رکن سحرکامران کو پاک-روس تعلقات میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں “یادگاری تمغہ” (Memento of Appreciation) پیش کیا۔ اس موقع پر سحرکامران کو روسی وزارت خارجہ کی جانب سے عطا کردہ اعلیٰ اعزاز “ایوارڈ آف کوآپریشن” کی بھی توثیق کی گئی، جو انہیں 31 اگست 2018 کو دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے اعتراف میں دیا گیا تھا۔

سحرکامران اس وقت پاکستان کی قومی اسمبلی (2024–2029) کی منتخب رکن ہیں۔ اس سے قبل وہ 2012 سے 2018 تک پاکستان سینیٹ کی رکن رہ چکی ہیں۔ تعلیم اور فلاحی خدمات میں 17 سالہ تجربے کی حامل سحرکامران علاقائی و عالمی امور، دفاعی و تزویراتی مطالعات میں ایک معتبر نام رکھتی ہیں۔ سعودی عرب میں پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ اور سماجی خدمات پر انہیں حکومتِ پاکستان کی جانب سے “تمغۂ امتیاز” سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سحرکامران نے 1984 میں پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ وہ 2018 سے 2022 کے دوران پیپلز پارٹی کی ریسرچ، کمیونیکیشن اور سوشل میڈیا سیل کی مرکزی کوآرڈینیٹر رہیں، جبکہ 2024 میں سندھ سے قومی اسمبلی کی نشست جیت کر دوبارہ ایوان میں آئیں۔ سحرکامران “سینٹر فار پاکستان اینڈ گلف اسٹڈیز” کی پیٹرن اِن چیف بھی ہیں۔

سحرکامران نے متعدد تحقیقی کتب و مضامین تحریر کیے ہیں جن میں “Rejuvenating FATA: Education as an Instrument of Change” اور “Rationalism and Wisdom of King Abdullah bin Abdulaziz Al Saud” شامل ہیں۔ ان کے تحقیقی موضوعات میں پاکستان و خلیجی ممالک کے تعلقات، پاک-سعودی روابط، اور پاکستان-روس تعلقات شامل ہیں۔ ان کے مضامین اور تجزیے قومی و بین الاقوامی اخبارات اور جرائد میں باقاعدگی سے شائع ہوتے ہیں۔

روس کے ساتھ ان کی گہری وابستگی اور سفارتی سرگرمیاں پاک-روس دوستی کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنی ہیں۔ سحرکامران نے سوچی فورم، شنگھائی تعاون تنظیم و بریکس ویمن کانگریس (نووسیبیرسک)، یوریشین ویمن فورم (سینٹ پیٹرزبرگ)، ماسکو نیوکلیئر کانفرنس اور کازان فورم جیسے اہم بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل