وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر بیلاروس کے دارالحکومت مینسک پہنچ گئے
مینسک(صداۓ روس)
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر بیلاروس کے دارالحکومت مینسک پہنچ گئے، جہاں منسک کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بیلاروس کے وزیراعظم عالی جناب الیگزینڈر تورچن نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے، تجارت، معیشت، تعلیم اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کے درمیان ملاقاتیں، معاہدوں پر دستخط اور مشترکہ اعلامیہ متوقع ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف بیلاروس کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے اور بیلاروسی قیادت کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دورے کے دوران پاکستان اور بیلاروس کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ، ٹیکنالوجی، زراعت، صنعت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ یہ دورہ پاکستان کی “مشرق کی جانب دیکھو” پالیسی اور یوریشین خطے سے مضبوط تعلقات کے عزم کا مظہر ہے۔