روسی فوج میں زمینی روبوٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا, وزیردفاع
ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزیر دفاع آندرے بیلؤسوف نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال روسی مسلح افواج کو بڑی تعداد میں زمینی روبوٹس فراہم کیے جائیں گے، جس سے فوج کی تکنیکی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔یہ اعلان وزارت دفاع کی جانب سے منعقدہ سائنسی و تکنیکی کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس میں زمینی روبوٹس کے استعمال اور ان کی ترقی کے امور پر خصوصی فوجی آپریشن کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے غور کیا گیا۔وزیر دفاع بیلؤسوف نے بتایا کہ گزشتہ برس دفاعی صنعت اور رضاکار تنظیموں نے سینکڑوں زمینی روبوٹس روسی فوج کو فراہم کیے تھے، اور اس سال یہ تعداد کہیں زیادہ ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے خاص طور پر میدانِ جنگ میں خودکار نظاموں کے استعمال سے روسی فوج کی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔روسی فوج میں زمینی روبوٹس کی شمولیت کو جنگی حکمتِ عملی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو کہ مشین لرننگ، آٹونومی اور جدید ڈیجیٹل سسٹمز کی بنیاد پر کام کرتے ہیں، اور خطرناک علاقوں میں انسانی جانوں کے تحفظ میں مدد فراہم کرتے ہیں۔