روس کا بڑا حملہ: یوکرین کی فوجی ایئرفیلڈ اور اسلحہ گودام تباہ
ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرین میں جاری خصوصی فوجی آپریشن کے تحت روسی افواج نے یوکرینی فوجی ایئرفیلڈ، میزائل اور آرٹلری کے گوداموں پر شدید حملے کیے ہیں۔ جمعرات کو جاری کردہ بیان میں روسی وزارت دفاع نے کہا کہ روسی فضائیہ، ڈرونز، میزائل فورسز اور آرٹلری یونٹس نے یوکرین کے 144 مقامات پر حملے کیے، جن میں فوجی انفراسٹرکچر، اسلحہ کے گودام، فوجی گاڑیاں، اور غیر ملکی کرائے کے فوجیوں کے ٹھکانے شامل تھے۔
بیان کے مطابق، روسی بیٹل گروپ نارتھ نے بیلگورود کے محاذ پر یوکرینی افواج کو بھاری نقصان پہنچایا، جس میں تقریباً 105 یوکرینی اہلکار ہلاک ہوئے، جبکہ دو آرٹلری گنیں، ایک بکتر بند گاڑی، اور دیگر جنگی سازوسامان تباہ کر دیا گیا۔
روسی حکام کے مطابق، یہ حملے یوکرین کے سومی ریجن میں واقع پروخودی، توریا، کراسنو پولئے، اوگریویدی اور میروپولسکوئے علاقوں میں کیے گئے، جہاں یوکرینی میکانائزڈ، ایئر اسالٹ، کوسٹل ڈیفنس اور ٹیریٹوریل ڈیفنس بریگیڈز کو نشانہ بنایا گیا۔ روس کی جانب سے جاری یہ تازہ ترین کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب مشرقی یوکرین میں جنگ مزید شدت اختیار کرتی جا رہی ہے، اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔