وزیراعظم شہباز شریف کی بیلاروس کے صدر سے ملاقات
مینسک (صداۓ روس)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بیلاروس میں اپنے اور پاکستانی وفد کے لیے دی گئی گرمجوش اور پرتپاک میزبانی پر صدر لوکاشینکو کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم اعظم محمد شہباز شریف کی ایکس پوسٹ پر جاری بیان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوستی کو پائیدار شراکت داری میں بدلنے کے لیے یہ ایک فیصلہ کن دن ہے۔
ملاقات کے اہم نکات میں یہ بات سامنے آئی کہ پاکستان سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہنر مند کارکنوں کو بیلاروس بھیجنے پر اتفاق ہوا ہے جو وہاں کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ زراعت، فوڈ سیکیورٹی، الیکٹرک بسوں اور زرعی مشینری کی مشترکہ تیاری جیسے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ اور صدر لوکاشینکو پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ تعلقات کو باہمی ترقی اور خوشحالی کے ایک مضبوط رشتے میں بدلا جائے گا.