روسی بحریہ کیلئے آئندہ 10 برسوں میں 98 ارب ڈالر سے زائد رقم مختص
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ دس برسوں کے دوران روسی بحریہ کے لیے نئے بحری جہازوں کی تعمیر پر 8.4 ٹریلین روبل (تقریباً 98 ارب امریکی ڈالر) خرچ کیے جائیں گے۔ صدر پوتن نے بحریہ کی ترقی سے متعلق اجلاس کے دوران کہا: “میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ آنے والے عشرے میں روسی بحریہ کے لیے نئے جہازوں اور بحری ساز و سامان کی تعمیر پر 8.4 ٹریلین روبل مختص کیے جا چکے ہیں۔ یہ رقم ریاستی اسلحہ پروگرام کی تشکیل کے دوران پیش نظر رکھی جائے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اس اجلاس سے قبل انہوں نے روسی وزیرِ خزانہ انتون سیلیوانوف سے الگ ملاقات بھی کی، جس میں ان فنڈز کی دستیابی پر بات چیت ہوئی۔ “یہ ایک اصولی معاملہ ہے۔ فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں، لیکن ان کا استعمال خود بحریہ کی ترقیاتی حکمتِ عملی پر منحصر ہوگا۔” یہ اعلان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب روس بحری صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے، بین الاقوامی سمندری اثر و رسوخ کو وسعت دینے اور اپنے ساحلی و اسٹریٹیجک مفادات کا مؤثر دفاع یقینی بنانے پر زور دے رہا ہے۔