ٹرمپ نے روس پر عائد پابندیاں مزید ایک سال کے لیے بڑھا دیں
ماسکو : انٹرنیشنل ڈیسک
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس پر عائد پابندیوں کے ایک پیکیج کو مزید ایک سال کے لیے توسیع دینے کے لیے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں۔ یہ پابندیاں سابق صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کی جانب سے 15 اپریل 2021 کو عائد کی گئی تھیں، جسے ایگزیکٹو آرڈر 14024 کا نام دیا گیا تھا۔ اس آرڈر کے تحت روسی شخصیات اور اداروں پر اس بنیاد پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں کہ وہ مبینہ طور پر امریکہ اور دیگر ممالک میں انتخابات کے عمل کو متاثر کرنے، سائبر حملوں، امریکی شہریوں کو نقصان پہنچانے یا قتل کرنے کی کوششوں، اور مالیاتی پابندیوں کو توڑنے جیسی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔
امریکی فیڈرل رجسٹر میں شائع ہونے والے اعلان کے مطابق، صدر ٹرمپ نے اس پابندی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ سرگرمیاں اب بھی امریکہ کی قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور معیشت کے لیے غیر معمولی خطرہ بن سکتی ہیں۔ دوسری جانب روسی صدارتی ترجمان دیمتری پیسکوف نے مارچ میں کہا تھا کہ ماسکو ان تمام پابندیوں کو “غیر قانونی اور غیر جائز” سمجھتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ یہ جلد ختم کی جائیں گی۔