یوکرینی ایف سولہ لڑاکا طیارہ ہم نے مار گرایا، روس نے تصدیق کردی
ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزارتِ دفاع نے تصدیق کردی ہے کہ روسی افواج نے یوکرینی فضائیہ کے زیرِ استعمال ایک امریکی ساختہ ایف سولہ لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔ واضح رہے روسی افواج کی جانب سے یہ پہلا موقع ہے کہ انہوں نے ایف سولہ طیارے کی تباہی کا باضابطہ اعلان کیا ہے، جن کی فراہمی گزشتہ موسمِ گرما میں مغربی اتحادیوں کی جانب سے یوکرین کو شروع کی گئی تھی۔ روسی وزارتِ دفاع نے اپنے یومیہ بیان میں کہا کہ یوکرینی فضائیہ کا ایک ایف سولہ طیارہ فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کر دیا گیا، تاہم اس بیان میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب یوکرین کی فضائیہ نے بھی ہفتے کے روز ایک ایف سولہ کے نقصان کی تصدیق کی اور بتایا کہ اس واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ایک بین الاداراتی کمیشن قائم کر دیا گیا ہے۔ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بعد ازاں اس بات کی تصدیق کی کہ پائلٹ پاول ایوانوف اس مشن کے دوران جاں بحق ہوگئے، اور یہ وعدہ کیا کہ وہ اس کا “ٹھوس اور مؤثر” جواب دیں گے، جس سے روس پر براہِ راست الزام کا اشارہ ملتا ہے۔
بی بی سی یوکرین نے ایک حکومتی ذریعے کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ یہ طیارہ روسی میزائل حملے کا نشانہ بنا۔ رپورٹ کے مطابق روسی افواج نے طیارے پر تین میزائل فائر کیے۔ ان میں سے ایک نے نشانہ بنایا، جو یا تو زمین سے فضا میں مار کرنے والا ایس-400 میزائل تھا یا فضا سے فضا میں مار کرنے والا آر-37 میزائل تھا جس کی وجہ سے یہ امریکی ساختہ طیارہ تباہ ہوا.
حکام کے مطابق اس واقعے میں دوستانہ فائر کا امکان رد کر دیا گیا ہے کیونکہ اس علاقے میں یوکرینی فضائی دفاعی نظام فعال نہیں تھا۔ یہ یوکرین کے دوسرے ایف سولہ تیرے کا نقصان ہے۔ اس سے قبل پہلا طیارہ اگست 2024 میں گر کر تباہ ہوا تھا، جس کے نتائج آج تک عوام کے سامنے نہیں لائے گئے۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق وہ طیارہ غلطی سے یوکرین کی اپنی دفاعی فائرنگ کا نشانہ بنا تھا۔
واضح رہے کہ بیلجیم، ڈنمارک، نیدرلینڈز اور ناروے نے امریکہ کی اجازت کے بعد یوکرین کو 80 ایف-16 طیارے فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم ان میں سے بیشتر طیارے اگلے چند سالوں میں فراہم کیے جائیں گے۔ 2024 میں یوکرین کو صرف 18 ایف-16 طیارے موصول ہوئے تھے۔