خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: سنسنی خیز مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دے دی

West Indies won

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: سنسنی خیز مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دے دی

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یوں سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی اور اب فیصلہ کن معرکہ کل کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 134 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر حاصل کیا۔ گوڈاکیش موتی نے 28، شائی ہوپ نے 21 اور جیسن ہولڈر نے 16 قیمتی رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔ نوجوان بیٹر حسن نواز 40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ کپتان سلمان آغا نے 38 اور فخر زمان نے 20 رنز بنائے۔ دیگر بیٹرز میں صائم ایوب 7، صاحبزادہ فرحان 3، محمد حارث 4، حسن علی 8، محمد نواز 2 رنز اور شاہین شاہ آفریدی 2 رنز بنا سکے، جبکہ فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی اس کارکردگی نے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو بڑا ہدف دینے سے روک دیا۔ پاکستانی ٹیم میں حارث رؤف کی جگہ حسن علی کو شامل کیا گیا تھا، جبکہ ویسٹ انڈیز نے بھی اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں۔ یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دی تھی۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن اور آخری میچ کل کھیلا جائے گا، جو سیریز کا فاتح طے کرے گا۔

شئیر کریں: ۔